پاکستان سب سے مقدم اسکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،بابر یوسفزئی

قومی ادارے ملک کے تحفظ کیلئے ہر وقت تیار اور بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں نوجوان نسل ملک کے استحکام اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے، سابق ترجمان حکومت بلوچستان


کوئٹہ (قدرت روزنامہ)سابق ترجمان حکومت بلوچستان اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت بابر یوسفزئی نے کہا ہے کہ وطن عزیز پاکستان ہم سب سے مقدم ہے اور ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر طلبا کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ بابر یوسفزئی نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز کا سامنا ضرور ہے، لیکن قومی ادارے، سیکیورٹی فورسز اور عوام متحد ہو کر ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر ہمیشہ پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرتے رہے ہیں، مگر قوم نے ہر مشکل وقت میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کیا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور ذمہ دار ریاست ہے۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ دیں اور مثبت سوچ کے ساتھ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں اور پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، اس لیے ضروری ہے کہ انہیں درست سمت، معیاری تعلیم اور قومی شعور فراہم کیا جائے تاکہ وہ ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظ بن سکیں۔ سابق ترجمان حکومت بلوچستان نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن قومی سلامتی اور ریاستی مفاد پر سب کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف بے شمار قربانیاں دی ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک میں امن و امان کا قیام اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے ریاستی ادارے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے خلاف ہر قسم کی سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ملک کو ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔ بابر یوسفزئی نے طلبا کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کا شعور اور حب الوطنی ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

WhatsApp
Get Alert