مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار، انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں: ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی قلات


قلات(قدرت روزنامہ) بلوچستان عوامی پارٹی قلات کے ترجمان نے کہا ہے کہ بعض مخالف امیدوار بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر آنے والے انتخابات کو متنازعہ بنانے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہیں، تاہم بلوچستان عوامی پارٹی عوامی طاقت کے بل بوتے پر میدان میں ڈٹی رہے گی اور کسی کو بھی جمہوری عمل سے فرار اختیار کرنے نہیں دیا جائے گا۔
اپنے جاری کردہ بیان میں ترجمان نے کہا کہ قلات خالق آباد کے مختلف علاقوں خصوصاً جوہان، نرمک اور گزگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کی مقبولیت اور عوامی حمایت روز بروز بڑھ رہی ہے اور یہ علاقے پارٹی کے مضبوط گڑھ بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کو دیکھ کر مخالفین کے اوسان خطا ہو چکے ہیں اور شکست کے خوف سے بعض عناصر میڈیا کے ذریعے بے بنیاد پروپیگنڈا کر کے عوام کو گمراہ کرنے اور انتخابات کے انعقاد پر سوالات اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ الیکشن سے قبل شور و غوغا برپا کرنا، بے بنیاد الزامات عائد کرنا اور متنازعہ بیانات کے ذریعے راہ فرار اختیار کرنا دراصل واضح شکست کا اظہار ہے۔ سیاسی میدان میں مقابلہ کرنے کے بجائے انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش جمہوری اقدار کے منافی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین ماضی میں بھی اپنی یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے جھوٹے اور من گھڑت بیانات کے ذریعے الیکشن کے بائیکاٹ جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتے رہے ہیں، تاہم اس مرتبہ حلقے کے باشعور عوام انہیں ایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔
ترجمان کے مطابق عوام 10 مارچ کو اپنے ووٹ کی طاقت سے یہ ثابت کریں گے کہ وہ ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی 36 کے امیدوار اور سابق وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کو بھرپور عوامی تعاون اور حمایت حاصل ہے اور ان شاء اللہ وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہو کر ایک بار پھر عوام کی خدمت کے لیے منتخب ایوان میں پہنچیں گے۔

WhatsApp
Get Alert