بلوچستان میں دہشت گردی کا بڑا خطرہ، مولانا عبدالواسع اور یونس زہری سمیت 5 اہم رہنماؤں کے لیے تھریٹ الرٹ جاری، سیکیورٹی ہائی الرٹ

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) محکمہ داخلہ بلوچستان نے ایک اہم تھریٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے صوبے کے تمام کمشنرز، ڈی آئی جیز پولیس اور فرنٹیئر کور کو اسمبلی کے ممبران بالخصوص پانچ اہم سیاسی رہنماوں کی سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات کے مطابق دہشت گرد عناصر کی جانب سے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو نشانہ بنانے کا خدشہ ہے۔ تھریٹ الرٹ میں جن رہنماں کے نام سرفہرست ہیں ان میں اپوزیشن لیڈرمیر یونس زہری، اصغر خان ترین، ، زابد ریکی، مولانا عبدالواسع اور مولانا عبدالغفور حیدری شامل ہیں۔مراسلے میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ اراکین اور ان کی رہائش گاہوں/دفاتر کا فوری سکیورٹی آڈٹ کریں، تھریٹ لیول کے مطابق مناسب سکیورٹی کور فراہم کریں، اور متعلقہ علاقوں میں نگرانی، گشت اور انٹیلی جنس کوآرڈینیشن میں اضافہ کریں۔ اس کے علاوہ، کانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی) اور اسپیشل برانچ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے کسی بھی مشکوک نقل و حرکت پر فوری جوابی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ محکمہ داخلہ نے اس معاملے کو “انتہائی اہم اور فوری” قرار دیتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
