کوئٹہ: پی بی 36 قلات میں ری پولنگ میں میر ضیاء اللہ لانگو کی کامیابی یقینی، بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں کا اعتماد

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) بلوچستان عوامی پارٹی کے قومی و صوبائی اسمبلی اراکین، سینیٹرز اور دیگر مرکزی و صوبائی رہنماؤں نے کہا ہے کہ 10 مارچ کو حلقہ پی بی 36 قلات میں ہونے والی ری پولنگ میں پارٹی کے امیدوار میر ضیاء اللہ لانگو عوام کی بھرپور حمایت سے بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کریں گے۔
پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی جمہوری اقدار، ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے اور اسی وژن کے تحت پارٹی قیادت اور کارکنان بھرپور انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔
پارٹی کے بانی رہنما صادق سنجرانی، مرکزی صدر و وفاقی وزیر نوابزادہ خالد مگسی، سیکریٹری جنرل سینیٹر منظور احمد کاکڑ، صوبائی صدر سردار صالح بھوتانی اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ میر ضیاء اللہ لانگو سات سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں اکیلے الیکشن لڑ رہے ہیں اور عوام کی بھرپور حمایت کے باعث ان کی کامیابی یقینی ہے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ قلات اور خالق آباد کے عوام ہمیشہ سے بلوچستان عوامی پارٹی اور میر ضیاء اللہ لانگو کی قیادت پر اعتماد کرتے آئے ہیں۔ میر ضیاء اللہ لانگو نے اپنے سیاسی دور میں علاقے کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے نمایاں اقدامات کیے ہیں، جس کی وجہ سے عوام آج بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پارٹی رہنماؤں نے امید ظاہر کی کہ 10 مارچ کو عوام کی بڑی تعداد ووٹ کاسٹ کرکے میر ضیاء اللہ لانگو کی کامیابی کو یقینی بنائے گی اور مخالف امیدواروں کو واضح شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔
