ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان نوید جان صاحبزادہ کی ملاقات
کوئٹہ ریجن میں نادرا کے دفاتر میں عوامی سہولتوں جدید سروسز کی فراہمی اور ادارے کی کارکردگی میں بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

کوئٹہ(پ ر)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان نوید جان صاحبزادہ نے ملاقات کی جس میں کوئٹہ ریجن میں نادرا کے دفاتر میں عوامی سہولتوں جدید سروسز کی فراہمی اور ادارے کی کارکردگی میں بہتری سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاملاقات کے دوران صوبے بھر میں نادرا دفاتر میں شہریوں کو بہتر اور فوری سہولتیں فراہم کرنے جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور دور دراز علاقوں میں نادرا کی خدمات کو مزید وسعت دینے کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیااس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ نادرا ایک اہم قومی ادارہ ہے جو شناختی دستاویزات کے بروقت اجرا کے ذریعے ریاست اور شہریوں کے درمیان اعتماد کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں نادرا کی خدمات کو مزید بہتر اور وسیع کرنا وقت کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات کے حصول میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑےانہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کے تمام نادرا دفاتر میں جدید سہولیات اور جدید ٹیکنالوجی کا متعارف کرانا ناگزیر ہےخصوصاً دور دراز علاقوں میں تاکہ وہاں کے شہریوں کو بھی وہی سہولیات میسر آسکیں جو بڑے شہروں میں فراہم کی جاتی ہیں ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی سے پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو قومی ترقی کے عمل میں شامل کرنے میں نمایاں مدد ملے گی اس موقع پر ڈی جی نادرا بلوچستان کوئٹہ ریجن نوید جان صاحبزادہ نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو بلوچستان میں نادرا کی جاری اصلاحات، سروسز میں بہتری اور عوامی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے کے عوام کو بہترین اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
