کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن 3 ارب کے گھپلے سے کھوکھلی ہوچکی، نجی کمپنیوں کو نوازنے پر نیب اور اینٹی کرپشن خاموش کیوں؟ پشتونخوامیپ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت نیوز) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن میں 3 ارب 21 کروڑ روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف انتہائی تشویشناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس معاملے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور اس میں ملوث تمام افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جنہوں نے عوام کے ٹیکس کے پیسوں کو کرپشن کی نذر کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر سرکاری فنڈز اور اثاثے نجی کمپنیوں کو منتقل کرنے، متعدد مدات میں رقوم سرکاری اکاؤنٹس میں جمع نہ کرنے، غیر قانونی ادائیگیوں اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرکے عوام کے اعتماد کے ساتھ سنگین خیانت کرکے ادارے کو کھوکھلا کردیا ہے؛ بیان میں کہا گیا کہ لوکل گورنمنٹ اور بالخصوص میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ میں یہ کوئی پہلا سکینڈل نہیں اس سے پہلے بھی میگا سکینڈل آئے لیکن کرپشن مافیا کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے کرپشن کو مزید تیز کیا گیا اور گزشتہ دنوں آڈٹ رپورٹ آنے کے باوجود ابھی تک انٹی کرپشن، نیب اور دیگر متعلقہ اداروں نے کوئی کارروائی شروع نہیں کی، محض موجود ایڈمنسٹریٹر کے تبادلے سے کرپشن پر پردہ نہیں ڈالا جاسکتا بلکہ اس دوران تمام ایڈمنسٹریٹرز اور چیف آفیسرز کو تحقیقات میں شامل کیا جائے؛ بیان کے مطابق کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹوں کی بڑی وجہ مسلط نام نہاد حکومت اور کرپشن مافیا ہے جنہوں نے مختلف حیلوں وبہانوں سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں رکاوٹیں حائل کرکے کوئٹہ شہر میں بلدیاتی اداروں کے قیام کو یقینی نہیں بننے دیا، صفائی کے نام پر نجی کمپنی کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 40 کرورڑ سے زائد کی رقم اور 2 ارب روپے مالیت کے اثاثے منتقل کرنے کے باوجود کوئٹہ شہر میں کہیں بھی صفائی کا کوئی نظام موجود نہیں بلکہ شہر کوڑا دان میں تبدیل ہوچکا ہے اور پارٹی مسلسل اپنے اخباری بیانات میں اس کی نشاندہی کرتی چلی آرہی ہے کہ کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن عوام کے مسائل حل کرنے اور صفائی کے نظام کی بہتری کی بجائے کرپشن کی آمجگاہ بن چکا ہے لیکن حکام نے اسے سنجیدہ نہیں لیا اور حالیہ آڈٹ رپورٹس اور اخباری بیانات پارٹی کے موقف پر مہر تصدیق ہیں؛ بیان میں واضح کیا گیا کہ اگر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی نہ کی گئی تو یہ عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہوگا، وزیراعلیٰ کا کرپشن پاک کا ویژن ایک ہی محکمہ میں اربوں روپے کے سکینڈل سے آشکار ہو رہا ہے، متعلقہ اداروں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کرپشن کے اس بڑے اسکینڈل پر فوری نوٹس لیا جائے اور ذمہ دار عناصر کو مثال بناتے ہوئے سزا دی جائے۔

WhatsApp
Get Alert