جامعہ بلوچستان کی 12ویں سینیٹ کا اجلاس گورنر و چانسلر شیخ جعفر خان مندوخیل کی زیرِ صدارت منعقد، تعلیمی و مالیاتی اصلاحات پر غور کیاگیا۔


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جامعہ بلوچستان کی 12ویں سینیٹ کا اجلاس گورنر بلوچستان و چانسلر شیخ جعفر خان مندوخیل کی زیرِ صدارت گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں جامعہ کے تعلیمی معیار کی بہتری، مالیاتی استحکام اور انتظامی اصلاحات سے متعلق اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں 97ویں سنڈیکیٹ اجلاس کے منٹس اور دیگر پالیسی معاملات بھی زیرِ بحث آئے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر تعلیم محترمہ راحیلہ حمید درانی، معزز جسٹس اقبال احمد کاسی ہائی کورٹ بلوچستان ، وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، سیکریٹری کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن حکومت بلوچستان صالح بلوچ، پرو وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، وائس چانسلر بیوٹمز کوئٹہ پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، رجسٹرار جامعہ بلوچستان محمد طارق جوگیزئی، سیکریٹری تعمیرِ نو ٹرسٹ نسیم لہڑی، اور دیگر معزز اراکین نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے سینیٹ کو جامعہ کی مجموعی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، تحقیقی سرگرمیوں اور بین الاقوامی روابط کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود جامعہ تدریسی و تحقیقی معیار کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں سینیٹ کی تعلیمی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مختلف اہم فیصلے کیے گئے۔ گورنر بلوچستان و چانسلر شیخ جعفر خان مندوخیل نے جامعہ کی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعلیمی و انتظامی اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔

WhatsApp
Get Alert