مملکت اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے اقدامات کا حق محفوظ رکھتی ہے،محمد بن سلمان

جدہ(قدرت روزنامہ)سعودی عرب کی قیادت نے واضح پیغام دیا ہے کہ مملکت اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور اہم تنصیبات کے تحفظ کے لیے ہر قسم کے اقدامات کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت سعودی کابینہ کا اہم ورچوئل اجلاس منعقد ہوا۔
سعودی میڈیا کے مطابق کابینہ نے مملکت کے فضائی دفاعی نظام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاعی نظام نے حالیہ حملوں کے دوران تیل کی تنصیبات اور اہم مقامات کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو بروقت اور مؤثر انداز میں ناکام بنایا۔
اجلاس میں ایران کی جانب سے سعودی عرب، خلیجی اور دیگر عرب ممالک پر حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کابینہ کا کہنا تھا کہ سویلین اہداف اور توانائی کی تنصیبات کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
سعودی کابینہ نے مزید کہا کہ خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کے مشترکہ وزارتی اجلاس کو مثبت پیش رفت قرار دیا گیا، جبکہ عرب لیگ کے وزرائے خارجہ اجلاس میں ایرانی جارحیت کے خلاف منظور کی گئی مذمتی قراردادوں کو بھی سراہا گیا۔
سعودی قیادت نے واضح کیا کہ خطے میں کشیدگی کے باوجود مملکت امن و استحکام کے ساتھ ساتھ اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھے گی۔۔
