توشہ خانہ ٹو کیس: عدالت کا عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کو نمبر لگانے کا حکم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا کیخلاف دائر اپیلوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے اپیلوں کو نمبر لگانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان، سلمان اکرم راجہ اور انتظار پنجھوتہ بھی موجود تھے۔
سماعت کے دوران بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ رجسٹرار آفس نے اپیلیں بروقت دائر نہ ہونے سمیت مختلف اعتراضات عائد کیے ہیں، اس لیے استدعا ہے کہ ان اعتراضات کو ختم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کل انہیں امید تھی کہ رمضان کے مہینے میں کچھ ریلیف مل سکے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے کے بعد چیف جسٹس سے ملاقات ہوئی جس میں یقین دہانی کرائی گئی کہ ان کے حقیقی مسائل کو حل کیا جائے گا۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کافی عرصے سے وکالت نامے موصول نہیں ہو رہے جبکہ وہ 300 کیسز میں وکیل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے یہ درخواست بھاری دل کے ساتھ دائر کی کیونکہ وکالت ناموں پر دستخط نہ ہونے کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ وکالت ناموں پر دستخط کروا کر فراہم نہیں کر رہے۔
اس موقع پر جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ اپیل میں وکیل کو وکالت نامے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
انہوں نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ گھٹنے نہ ٹیکیں، ہم بھی 21 سال اسی طرف کھڑے رہے ہیں۔
عدالت نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کو باقاعدہ نمبر لگانے کا حکم دے دیا۔
