کوئٹہ: حبیب بینک میں بائیو میٹرک سسٹم کی خرابی، بزرگ پنشنرز نجی مراکز کو فیس دینے پر مجبور، اسٹیٹ بینک سے نوٹس لینے کا مطالبہ

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) کوئٹہ میں پنشن حاصل کرنے والے بزرگ شہریوں کو بائیو میٹرک تصدیق کے عمل کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ ایچ بی ایل جناح روڈ برانچ میں ہر چھ ماہ بعد ہونے والی لازمی تصدیق کے لیے اکثر سسٹم کی خرابی کا جواز پیش کر کے انہیں نجی مراکز بھیج دیا جاتا ہے؛ متاثرہ پنشنرز کے مطابق جناح روڈ اور اطراف میں قائم ایچ بی ایل کنیکٹ اور دیگر نجی مراکز ان سے بائیو میٹرک تصدیق کے عوض 200 سے 300 روپے تک فیس وصول کر رہے ہیں جو مہنگائی کے اس دور میں ان کی محدود آمدنی پر اضافی بوجھ ہے؛ بزرگ شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بینک کے اندر سسٹم کی خرابی کا فوری نوٹس لیا جائے اور پنشنرز کو بینک کے اندر ہی مفت بائیو میٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ انہیں نجی مراکز کے چکر لگانے اور ناجائز فیسوں کی ادائیگی سے نجات مل سکے۔
