2 بہنوں کی سوئی دھاگے سے تیار کردہ قرآنِ مجید مدینہ کی لائبریری کوبطور تحفہ پیش کرنےکی خواہش


بنگلورو(قدرت روزنامہ)بھارت کے شہر بنگلورو سے تعلق رکھنے والی 2 بہنوں کی محنت سے تیار کیا گیا قرآنِ مجید کا منفرد نسخہ ایک بار پھر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بی بی تبسم اور سریا قریشی نامی بہنوں نے اپنی محنت اور مہارت سے سوئی اور دھاگے کی کشیدہ کاری کے ذریعے قرآنِ مجید کا مکمل نسخہ تیار کیا تھا۔ دونوں بہنوں نے ساڑھے چار سال کی مسلسل محنت کے بعد قرآنِ مجید کے 30 پاروں کو کپڑے کی پانچ جلدوں میں منتقل کیا۔
اس نادر نسخے کے مجموعی طور پر 604 صفحات ہیں، جنہیں کاٹن کے کپڑے اور دھاگے کی مدد سے تیار کیا گیا۔ ہر صفحے پر قرآنِ پاک کی آیات کو ہاتھ سے کڑھائی کے ذریعے لکھا گیا، جبکہ بعد میں تمام صفحات کو مخمل کے کپڑے کی پانچ جلدوں میں خود بائنڈ کیا گیا۔
بی بی تبسم کے مطابق ابتدا میں وہ قرآنِ مجید کی چھوٹی آیات کی ایمبرائڈری کیا کرتی تھیں، تاہم بعد میں اپنی بڑی بہن سریا قریشی کے ساتھ مل کر سورۃ الفاتحہ سے کام کا آغاز کیا اور سورۃ الناس تک پورا قرآن مکمل کیا۔ اس کام کے دوران ایک عالمِ دین کی رہنمائی بھی حاصل کی گئی۔
دونوں بہنوں کی خواہش ہے کہ ان کی یہ منفرد کاوش مدینہ منورہ کی کسی لائبریری کی زینت بنے، جس کے لیے انہوں نے سعودی حکومت سے رابطہ بھی کیا تھا۔
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو بڑے پیمانے پر شیئر کرتے ہوئے دونوں بہنوں کی محنت اور عقیدت کو سراہ رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert