وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلع برشور کے قیام کا نوٹیفکیشن منتخب رکن اسمبلی اور قبائلی عمائدین کے حوالے کر دیا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پارلیمانی سیکریٹری اسفند یار کاکڑ کی سربراہی میں ضلع برشور کے قبائلی عمائدین اور زعماء کا وفد ملاقات کے لیے پہنچا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلع برشور کے قیام کا نوٹیفکیشن علاقے کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور قبائلی عمائدین کے حوالے کیا۔
قبائلی عمائدین پر مشتمل نمائندہ وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کا برشور کو ضلع کا درجہ دینے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں نئے انتظامی ڈویژن اور اضلاع کا قیام عوام کی سہولیات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ نئے انتظامی ڈویژن اور اضلاع کے قیام سے دور دراز علاقوں میں بسنے والی آبادی کو بنیادی سرکاری خدمات کی فراہمی میں آسانی ہوگی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئے اضلاع میں فوری طور پر انتظامی افسران کا تقرر کیا جا رہا ہے اور بنیادی ڈھانچے سے محروم اضلاع میں پری فیبرکیٹڈ دفاتر اور سرکاری رہائش گاہوں کی تعمیر کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ صوبے کے دور دراز علاقوں کو انتظامی طور پر مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے اضلاع کے قیام سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور عملدرآمد مزید موثر ہوگا اور عوام کو سرکاری دفاتر اور انتظامیہ تک رسائی کے لیے طویل فاصلوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ حکومت بلوچستان صوبے کے ہر علاقے کو یکساں ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ نئے اضلاع کے قیام سے مقامی سطح پر روزگار اور ترقی کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
