وزیر اعظم کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہباز شریف نے آئندہ ہفتے کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی مزید قیمتیں بڑھنے کے باوجود عوام سے کیے گئے وعدے کے تحت اس مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ عام آدمی پر بوجھ کم کرنے کیلیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا رہا، اپنے وعدے کے تھٹ جس قدر ہو سکا ان مشکل حالات میں عوام تک ریلیف پہنچائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عالمی معیشت اس وقت دباؤ میں ہے جس کے پاکستان کی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت پالیسی سازی، حکومت کی جانب سے بچت کے اقدامات اور مالی نظم و ضبط کی بدولت اس صورتحال سے احسن طور سے انسانی حد تک نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے، بطور خادم پاکستان ان مشکل حالات میں غریب آدمی پر بوجھ کم کرنے کیلیے اس ملک کی اشرافیہ اور حکومت سے شروعات کا عزم کیا۔
بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت میں بچت اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتیں بھی ان اقدامات میں وفاقی حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہی ہیں جو خوش آئند ہے، اللہ کے فضل و کرم سے سفارتی اور معاشی ٹیم کی کوششوں کی بدولت خام تیل کی ملکی ضرویات کیلیے مناسب مقدار میسر ہے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں مل کر کسی کو بھی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمت سے زائد قیمت کی وصولی کی روک تھام یقینی بنا رہی ہیں، دعاگو ہیں کہ عالمی سطح پر حالات بہتر ہوں اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام آئے۔

WhatsApp
Get Alert