پنجاب میٹرو بس کے کرایوں میں اضافہ، مسافروں پر اضافی بوجھ

لاہور(قدرت روزنامہ)ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث پنجاب میں میٹرو بس کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے جس سے روزانہ سفر کرنے والے مسافروں پر مالی بوجھ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
حکام کے مطابق لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں چلنے والی میٹرو بس سروس کے کرائے میں 10 روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد میٹرو بس آپریشن کے لیے حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی پر بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنا ہے۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث آپریشنل اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد حکومت نے موجودہ کرایہ پالیسی پر نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس سے قبل میٹرو بس کا کرایہ 30 روپے تھا۔
ٹرانزٹ اتھارٹی نے اپنے فیس بک پیغام میں بتایا کہ کرائے میں 10 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نیا کرایہ 40 روپے مقرر ہو جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق یہ اضافہ 26 مارچ 2026 سے لاہور، راولپنڈی-اسلام آباد اور ملتان کی میٹرو بس سروسز میں نافذ العمل ہوگا۔
دوسری جانب پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ٹی-کیش کارڈ استعمال کرنے والے مسافروں کو نئی سبسڈی اسکیم کے تحت رعایت دی جائے گی۔ اس اسکیم کے تحت کارڈ ہولڈرز صرف 25 روپے میں ٹکٹ حاصل کر سکیں گے، یعنی انہیں 15 روپے کی رعایت ملے گی۔
حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا اور باقاعدہ کارڈ استعمال کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
