اسلام امن، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کا مذہب ہے جو انسانیت کو باہمی احترام، انصاف اور ہم آہنگی کا درس دیتا ہے ،شاہد رند

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اسلام امن، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کا مذہب ہے جو انسانیت کو باہمی احترام، انصاف اور ہم آہنگی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کو انتہا پسندی اور تشدد سے جوڑنا نہ صرف حقیقت کے منافی ہے بلکہ یہ ایک بدقسمت اور منفی رجحان کی عکاسی کرتا ہے جس کا مقابلہ عالمی سطح پر مؤثر انداز میں کرنا ضروری ہے شاہد رند نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کو 15 مارچ کو منانا پاکستان کی سفارتی سطح پر ایک بڑی کامیابی ہے، جس کے ذریعے عالمی برادری کو اس مسئلے کی سنگینی سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورمز پر اسلام کے حقیقی، معتدل اور پرامن تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے جرات مندانہ آواز بلند کی اور دنیا کو یہ باور کرایا کہ اسلام امن اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے میں مذہبی رواداری، بین المذاہب ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد امن اور احترام کے ساتھ زندگی گزار سکیں انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف منظم پروپیگنڈے، تعصب اور نفرت انگیز مہمات کا خاتمہ ناگزیر ہے اور عالمی برادری کو اس حوالے سے مؤثر اقدامات اٹھانے ہوں گے۔ شاہد رند نے اس امر پر بھی زور دیا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی بھی مذہب کی توہین یا اس کے ماننے والوں کے جذبات کو مجروح کرنا نہ صرف اخلاقی اقدار کے منافی ہے بلکہ یہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کے بنیادی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خصوصاً بلوچستان ایک ایسی دنیا کے خواہاں ہیں جہاں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مساوی احترام حاصل ہو اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر شعور کی بیداری وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، جبکہ انتہا پسندی اور نفرت کے رجحانات کا خاتمہ صرف مکالمے، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ سے ہی ممکن ہے۔
