لانڈھی میں گارمنٹس کے تاجر کے گھر ڈکیتی کا حیران کن انکشاف

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے لانڈھی میں گارمنٹس کے تاجر کے گھر ڈکیتی کا حیران کن انکشاف سامنے آگیا۔
پولیس کے مطابق مسلح ملزمان گھر میں داخل ہوئے، اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ایک کمرے میں بند کیا اور آنکھوں پر پٹیاں باندھ دیں۔ ملزمان گھر سے تقریباً پونے دو کروڑ روپے مالیت کا سونا، نقدی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔
ایس ایچ او تھانہ لانڈھی قاضی صلاح الدین کے مطابق تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ڈکیتی کی منصوبہ بندی مدعی کی اپنی بہن عظمیٰ نے اپنے دوست نسیم اختری اور دو دیگر افراد کے ساتھ مل کر کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واردات کے بعد ملزمہ عظمیٰ نے لوٹا ہوا سونا اپنے ہی گھر کی الماری میں چھپا دیا تھا، جسے برآمد کر کے ملزمہ کو گرفتار کر لیا گیا۔
