بلوچستان میں مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ داخل: موسلادھار بارشوں اور آندھی کا الرٹ جاری، معمولاتِ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے ملک بھر، بالخصوص بلوچستان میں مغربی ہواں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کے داخل ہونے پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت آج سے 23 مارچ تک بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش، تیز ہواں اور گرد آلود آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اس سلسلے کے اثرات بلوچستان میں دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ نمایاں اور شدید رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ صوبائی اور مقامی انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ جانی و مالی نقصان کے خدشات کو کم کیا جا سکے۔محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق، اس مغربی لہر کے زیرِ اثر نہ صرف بلوچستان بلکہ اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، جس سے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئے گی۔ سندھ کے مختلف شہروں بشمول سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، تاہم کراچی میں اگلے 24 گھنٹے موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران بجلی کے کھمبوں اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں اور حساس علاقوں میں سفر کرنے سے قبل تازہ ترین موسمی صورتحال کو مدنظر رکھیں۔

WhatsApp
Get Alert