پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہ آیا، عیدالفطر 21 مارچ کو ہوگی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد عیدالفطر 21 مارچ 2026 بروز ہفتہ منانے کا اعلان کر دیا گیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے کوہسار بلاک، پاک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں ملک بھر سے مختلف مکاتب فکر کے علما کے ساتھ ساتھ محکمہ موسمیات پاکستان اور سپارکو کے ماہرین نے بھی شرکت کی۔
مرکزی کمیٹی کے ساتھ ساتھ زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئے، جہاں سے موصول ہونے والی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی کے مطابق ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی مستند شہادت موصول نہیں ہوئی، جس کے بعد رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل کیے جائیں گے اور عیدالفطر 21 مارچ کو منائی جائے گی۔
