سیکیورٹی فورسز کی مستعدی سے بلوچستان بڑی تباہی سے بچ گیا: حاجی ولی محمد نورزئی کی خاتون خودکش بمبار کی گرفتاری پر وزیراعلیٰ اور حساس اداروں کو مبارکباد

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رکن اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری سوشل ویلفیئر حاجی ولی محمد نورزئی نے اپنے ایک اہم بیان میں سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی حالیہ کارروائی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہند سے وابستہ خاتون خودکش بمبار کی بروقت گرفتاری ایک نہایت اہم اور قابلِ فخر کامیابی ہے، جس نے بلوچستان کو ایک بڑے المیے اور جانی نقصان سے محفوظ رکھا ہے۔ حاجی ولی محمد نورزئی نے اس پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور تمام سیکیورٹی اداروں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کے لیے بزدلانہ ہتھکنڈے اپنا رہے ہیں، لیکن ہماری بہادر افواج اور حساس ادارے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ پارلیمانی سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ایسی کامیاب کارروائیاں عوام کے سیکیورٹی اداروں پر اعتماد کو مزید تقویت دیتی ہیں اور ثابت کرتی ہیں کہ صوبے کی حفاظت کے لیے ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔
