عیدالفطر اور نوروز کا تاریخی سنگم: محکوم اقوام کے حقوق اور وسائل پر اختیار کے لیے جدوجہد کا پیغام، خوشحال خان کاکڑ کی عید و نوروز پر مبارکباد

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی جانب سے جاری کردہ ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 21 مارچ کو چھوٹی عید (عیدالفطر) اور نوروز کا بیک وقت آنا غیر معمولی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اہمیت کا حامل ہے۔ پارٹی کے مطابق یہ دن نہ صرف خوشی اور مسرت کے مواقع ہیں بلکہ انہیں امن، عوامی یکجہتی، جمہوری اقدار کے فروغ اور محکوم اقوام کے جائز حقوق کے حصول کی اجتماعی جدوجہد کو مضبوط بنانے کے لیے بھی مؤثر انداز میں استعمال کیا جانا چاہیے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ عیدالفطر صبر، تحمل، ایثار، معافی اور کمزور و نادار طبقات کی مدد کا عملی پیغام دیتی ہے۔ یہ مقدس موقع مسلمانوں کو اس بات کا درس دیتا ہے کہ وہ ظلم، ناانصافی اور استحصال کے خلاف متحد ہوکر ایک ایسے معاشرے کے قیام کے لیے جدوجہد کریں جہاں انصاف، مساوات اور انسانی وقار کو بنیادی حیثیت حاصل ہو۔ پارٹی نے مزید کہا کہ نوروز بہار کی آمد، فطرت کی تازگی اور نئی امیدوں و امنگوں کی علامت ہے۔ یہ تہوار خطے کے عوام کے مشترکہ تاریخی و ثقافتی ورثے کی نمائندگی کرتا ہے اور ایک باعزت، خوشحال اور پُرامن زندگی کی اجتماعی خواہشات کی عکاسی کرتا ہے۔ نوروز کی روح اس بات کی متقاضی ہے کہ معاشروں میں ہم آہنگی، رواداری اور باہمی احترام کو فروغ دیا جائے۔ اعلامیے میں لر و بر افغان عوام کو درپیش موجودہ مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ طویل جنگوں، سیاسی عدم استحکام اور بڑھتے ہوئے معاشی مسائل نے عام لوگوں کی زندگیوں کو انتہائی دشوار بنا دیا ہے۔ ایسے نازک حالات میں امن، قومی یکجہتی، برداشت اور مکالمے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے تاکہ عوام تشدد، خوف اور محرومیوں کے دائرے سے نکل کر ایک محفوظ اور روشن مستقبل کی جانب پیش قدمی کرسکیں۔ اعلامیے کے مطابق خطے اور ملک کے متعدد اقوام طویل عرصے سے سیاسی اختیار کی کمی، معاشی استحصال اور بنیادی حقوق سے محرومی کا سامنا کر رہی ہیں۔ ان کی سرزمینوں پر موجود قدرتی وسائل عوامی خوشحالی کے بجائے غربت، بے روزگاری اور پسماندگی کا باعث بن رہے ہیں، جو ایک انتہائی تشویش ناک اور غیر منصفانہ صورتحال کی عکاسی کرتا ہے۔ پارٹی نے زور دیا کہ پائیدار امن اور دیرپا استحکام کے قیام کے لیے ناگزیر ہے کہ عوام کو اپنے وسائل پر مؤثر اختیار دیا جائے، حکومتی و انتظامی ڈھانچوں میں منصفانہ اور بامعنی نمائندگی یقینی بنائی جائے اور ان کی ثقافتی شناخت، زبان اور روایات کا مکمل احترام کیا جائے۔ پارٹی کے سربراہ اور قومی اسمبلی کے رکن خوشحال خان کاکڑ نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالفطر اور نوروز کا ایک ساتھ آنا اس حقیقت کی علامت ہے کہ حقوق کی جدوجہد نفرت، تصادم اور تشدد کے بجائے سیاسی شعور، عوامی اتحاد، آئینی جدوجہد اور جمہوری طریقۂ کار کے ذریعے آگے بڑھائی جانی چاہیے۔ آخر میں پارٹی نے تمام مسلمانوں کو عیدالفطر اور نوروز منانے والے تمام عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ بابرکت اور خوشیوں بھرے دن خطے میں امن، مساوی حقوق، معاشی خوشحالی، سماجی انصاف اور انسانی بھائی چارے کے فروغ کا ذریعہ ثابت ہوں گے۔
