آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) آئی فون صارفین کے لیے سائبر الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں صارفین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے ملک بھر میں آئی فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اہم ایڈوائزری جاری کی ہے، جس کا مقصد صارفین کے ڈیٹا اور ڈیوائسز کو ممکنہ سائبر حملوں سے محفوظ رکھنا ہے۔
ایڈوائزری میں آئی فون صارفین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت تاکید کی گئی ہے۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے فون کو ہمیشہ اپ ٹو ڈیٹ رکھیں اور زائد المیعاد آئی او ایس (iOS) ورژن استعمال کرنے سے گریز کریں، کیونکہ پرانے ورژنز میں سیکیورٹی کی خامیاں ہو سکتی ہیں۔
ویب سرفنگ کے دوران کسی بھی مشکوک یا غیر معروف لنک کو کھولنے سے گریز کیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ غیر معیاری اور غیر معروف وی پی این ایپلی کیشنز انسٹال نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جو ڈیٹا چوری کا سبب بن سکتی ہیں۔
نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر موجود غیر تصدیق شدہ یا اوپن وائی فائی (Public Wi-Fi) سے کنیکٹ ہونے کو ڈیوائس کی سیکیورٹی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے ایپل آئی ڈی یا دیگر اکاؤنٹس کے بارے میں آنے والے سیکیورٹی الرٹس کو ہرگز نظر انداز نہ کریں اور فوری کارروائی کریں۔
نیشنل سائبر ٹیم نے آئی فون صارفین کو ایک سادہ لیکن مؤثر تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ باقاعدگی سے اپنا موبائل فون ری اسٹارٹ کریں، کیونکہ یہ عمل کئی قسم کے عارضی میلویئر کے اثرات کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
