سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا نوٹیفکیشن جاری

لاہور (قدرت روزنامہ) سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ، 2 روز کی تنخواہ کاٹی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ خزانہ پنجاب نے سرکاری افسران اور سیاسی شخصیات کی تنخواہوں سے کٹوتی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
فیصلے کے تحت گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے تمام افسران کی 2 روز کی تنخواہ کاٹی جائے گی، جو وفاقی حکومت کے ایمرجنسی فنڈ میں جمع ہو گی۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ پنجاب، صوبائی وزراء، معاونینِ خصوصی اور پارلیمانی سیکرٹریز کی 2 ماہ کی مکمل تنخواہ جبکہ پنجاب اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں میں 2 ماہ کے لیے 25 فیصد کٹوتی کی جائے گی۔
یاد رہے کابینہ ڈویژن نے ملک میں کفایت شعاری اور ایندھن کی بچت کے حوالے سے اقدامات کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس کے تحت سرکاری اداروں اور ریگولیٹری اتھارٹیز کی اعلیٰ انتظامیہ کی تنخواہوں میں دو ماہ کے لیے کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تنخواہوں میں سلیب وار کٹوتی کی جائے گی۔ 3 سے 10 لاکھ روپے تنخواہ پر 5 فیصد، 10 سے 20 لاکھ پر 15 فیصد، 20 سے 30 لاکھ پر 25 فیصد، جبکہ 30 لاکھ روپے سے زائد ماہانہ تنخواہ لینے والوں پر 30 فیصد کٹوتی لاگو ہوگی۔
سرکاری و نجی کمپنیوں کے بورڈز میں شامل حکومتی ارکان کی فیس میں 100 فیصد کٹوتی ہوگی اور یہ تمام رقم ’’وزیر اعظم آسٹیریٹی فنڈ 2026‘‘ میں جمع کرائی جائے گی۔
