23 مارچ کا دن ہمیں اپنی قومی شناخت اور نظریاتی اساس کی یاد دلاتا ہے، شاہد رند
بلوچستان کے عوام حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں،معاون برائے سیاسی و میڈیا امور وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رندنے پوری قوم کو یومِ پاکستان کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں شاہد رند نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں اپنی قومی شناخت اور نظریاتی اساس کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قراردادِ پاکستان وہ سنگِ میل تھاجوبرصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا، جس نے انہیں ایک متفقہ منزل عطا کی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبہ ترقی اور خوشحالی کی نئی راہوں پر گامزن ہے۔
شاہد رند نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے قوم کو مکمل اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بقا اور سلامتی کے لیے دی جانے والی ہر قربانی کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔
انہوں نے میڈیا کے مثبت کردار اور نوجوانوں کے جوش و جذبے کو ایک مستحکم پاکستان کی ضمانت قرار دیا اور کہا کہ یومِ پاکستان کا تقاضا ہے کہ ہم صوبائی، لسانی اور دیگر تعصبات سے بالاتر ہو کر صرف پاکستانی بن کر سوچیں۔
آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک مضبوط اور معاشی طور پر خود کفیل ملک بنائے۔
