این اے 256 خضدار ضمنی انتخاب: نواب ثناء اللہ زہری اور میر شفیق الرحمن مینگل کا بھرپور تیاری اور عوامی اعتماد سے کامیابی حاصل کرنے کا عزم

کراچی (ڈیلی قدرت کوئٹہ) چیف آف جھالاوان وسابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری اور میر شفیق الرحمٰن مینگل کے مابین جھالاوان ہاؤس کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 256 خضدار کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے اہم ملاقات ہوئی۔ملاقات میں انتخابی حکمتِ عملی کو مؤثر اور انتخابی مہم کو منظم و مربوط انداز میں آگے بڑھانے اور پارٹی کو یونین کونسل سطح تک فعال اور متحرک کرنے پر خصوصی غور کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کہ این اے 256 خضدار کے ضمنی انتخاب میں بھرپور تیاری، منظم ٹیم ورک اور عوامی اعتماد کے ذریعے کامیابی حاصل کی جائے گی، اور علاقے کی ترقی، استحکام اور عوامی نمائندگی کے تقاضوں کو ہر سطح پر مقدم رکھا جائے گا۔میر شفیق الرحمٰن مینگل نے چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کی نیک خواہشات، رہنمائی اور ضمنی انتخاب کے سلسلے میں کی جانے والی خصوصی کاوشوں پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں سنجیدہ مشاورت اور مخلصانہ تعاون نے نہ صرف انتخابی عمل کو مؤثر بنایا ہے بلکہ کارکنوں اور عوام کے اعتماد کو بھی مضبوط کیا ہے۔ ملاقات میں میر حمود الرحمٰن مینگل اور ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار میر صلاح الدین زہری بھی موجود تھے۔
