بلوچستان میں پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چھینا گیا، “عمران خان رہائی فورس” کے قیام کے لیے منظم ہو جائیں، وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کا پشین ورکرز کنونشن سے خطاب


پشین (ڈیلی قدرت کوئٹہ) وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پاکستان تحریکِ انصاف کا مینڈیٹ چھینا گیا، جو جمہوری اقدار کے سراسر منافی ہے، پشین کے تحصیل حرمزئی کے علاقے کاکازئی سیداں میں پاکستان تحریکِ انصاف کے زیرِ اہتمام منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل خان آفریدی نے کہا کہ جو عناصر خود کو جمہوریت کا علمبردار قرار دیتے ہیں، ان کی حقیقت ملک کے دیگر علاقوں کی بعد اب بلوچستان میں بھی عیاں ہو چکی ہے، جیسا کہ اس سے قبل سندھ میں بھی دیکھی گئی تھی۔ انہوں نے ورکرز کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا اور بلاجواز گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں، جو قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت ہیں۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ پارٹی کے قائد عمران خان کی ہدایت کے مطابق سٹریٹ موومنٹ کے لیے بھرپور تیاری کی جائے گی۔ انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ‘‘عمران خان رہائی فورس’’ کے قیام اور تنظیم کے لیے خود کو منظم کریں اور پارٹی کو مزید فعال بنائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں پارٹی کی تنظیم سازی کو نچلی سطح تک مضبوط کیا جائے اور کارکنان اسی جذبے کے ساتھ جدوجہد جاری رکھیں، جس کا مظاہرہ انہوں نے 26 نومبر کو حقیقی آزادی کی تحریک کے دوران کیا تھا۔اپنے خطاب میں انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ احتجاج بھرپور اور مؤثر ہوگا، اور کارکنان عمران خان کی رہائی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ورکرز کنونشن میں تحریک انصاف کے صوبائی صدر داود شاہ کاکڑ، صوبائی جنرل سیکرٹری چنگیز خان، ڈویڑنل صدر عارف کاکڑ اور ضلعی صدر سمیت کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پارٹی قیادت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

WhatsApp
Get Alert