ایران کے خلاف جنگ کی حوصلہ افزائی کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں: سعودی عرب کا امریکی میڈیا کی رپورٹ پر سخت ردعمل؛

کسی بھی فوجی تصادم کا حصہ نہیں بنیں گے، خطے میں امن و استحکام کیلئے کوشاں ہیں، سکیورٹی ذرائع


ریاض (قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے ایران کے ساتھ جنگ کی حوصلہ افزائی سے متعلق امریکی اخبار کی رپورٹ کو قطعی طور پر مسترد کرتے ہوئے اسے حقیقت کے منافی قرار دے دیا ہے۔ سعودی سکیورٹی ذرائع نے امریکی میڈیا کے دعووں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سعودی قیادت کی جانب سے ایران کے ساتھ کسی بھی طویل یا مختصر جنگ کی حوصلہ افزائی کرنے والی خبریں سراسر غلط اور گمراہ کن ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سعودی عرب ان اہم خلیجی ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کو ختم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہے ہیں۔ سعودی عرب کا موقف ہے کہ خطے میں کسی بھی قسم کا نیا محاذ یا جنگی صورتحال تمام ممالک کے مفادات کے خلاف ہوگی، اسی لیے ریاض مسلسل امن و امان کے قیام پر زور دے رہا ہے۔
ذرائع نے مزید دوٹوک الفاظ میں کہا کہ سعودی عرب نے پہلے ہی واضح اور کھلے الفاظ میں اعلان کر رکھا ہے کہ وہ خطے میں ہونے والی کسی بھی ممکنہ جنگ کا حصہ نہیں بنے گا۔ سعودی عرب کی ترجیح معاشی استحکام اور علاقائی سلامتی ہے، جس کے لیے فوجی تصادم کے بجائے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی لانے کی پالیسی پر عمل پیرا رہا جائے گا۔ سعودی عرب کے اس واضح موقف نے ان تمام افواہوں کا خاتمہ کر دیا ہے جن میں اسے ایران کے خلاف کسی فوجی مہم جوئی کا حامی دکھایا جا رہا تھا۔

WhatsApp
Get Alert