سید نور نے میرا دل دکھایا، بڑھاپے میں ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں، میں فلموں میں آنا ہی نہیں چاہتی تھی: سینئر اداکارہ ریشم پھٹ پڑیں

"اگر میں کام نہ کرتی تو انہیں مجھ جیسی باصلاحیت اداکارہ نہ ملتی"، دوٹوک جواب


کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کی مایہ ناز اور سینئر اداکارہ ریشم نے نامور فلم ڈائریکٹر سید نور کے حالیہ بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سید نور صاحب عمر میں ان سے بہت بڑے ہیں اور وہ آج بھی ان کا احترام کرتی ہیں، لیکن انہوں نے ریشم کے بارے میں انتہائی “گھٹیا” باتیں کر کے ان کا دل دکھایا ہے۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’ہمارے مہمان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ریشم نے کہا کہ انسان کو عمر کے اس حصے میں ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں جب یہ بھی معلوم نہ ہو کہ کس کی زندگی کتنی باقی ہے۔
اداکارہ ریشم نے ماضی کے جھروکوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ کبھی بھی فلم انڈسٹری میں آنے کی خواہش مند نہیں تھیں بلکہ صرف ٹیلی ویژن تک محدود رہنا چاہتی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ سید نور صاحب کی اہلیہ رخسانہ بھابھی انہیں زبردستی فلموں میں لے کر آئی تھیں اور انہوں نے ہی ریشم کو سید نور سے ملوایا تھا۔ ریشم نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “سید نور صاحب اب مختلف پوڈ کاسٹس میں بیٹھ کر مکر رہے ہیں کہ اگر وہ مجھے چانس نہ دیتے تو میں کچھ نہ ہوتی، حقیقت یہ ہے کہ اگر میں ان کی فلم میں کام نہ کرتی تو شاید انہیں مجھ جیسی باصلاحیت اداکارہ نہ ملتی اور ان کی فلم سپر ہٹ نہ ہوتی۔”
ریشم نے اپنے بدلتے ہوئے لہجے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کے مزاج میں جو تلخی ہے وہ لوگوں کے منفی رویوں کا نتیجہ ہے، کیونکہ اب بہت کم لوگ اس قابل رہ گئے ہیں جن کی دل سے عزت کی جائے۔ انہوں نے سید نور کو آئینہ دکھاتے ہوئے مزید کہا کہ وہ خود گزشتہ سات سال سے فلموں سے دور ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ وہ کسی پوڈ کاسٹ میں بیٹھ کر دوسری بڑی اداکاراؤں کی تذلیل شروع کر دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ایسا کریں گی تو ان سے زیادہ گھٹیا انسان کوئی نہیں ہوگا۔ ریشم کے اس بیان نے شوبز حلقوں میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

WhatsApp
Get Alert