فضا میں فنی خرابی، اسلام آباد سے ریاض جانے والا مسافر طیارہ بڑے حادثے سے بال بال بچ گیا

کپتان کی حاضر دماغی اور ایئر ٹریفک کنٹرول کا بروقت تعاون، کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ، تمام مسافر محفوظ


کراچی(قدرت روزنامہ)اسلام آباد سے سعودی عرب کے شہر ریاض جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز فضا میں ایک ہولناک حادثے سے بال بال بچ گئی، کپتان کی پیشہ ورانہ مہارت اور حاضر دماغی کے باعث سینکڑوں قیمتی جانیں محفوظ رہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے ریاض کیلئے اڑان بھرنے والے نجی ایئرلائن کے طیارے میں دورانِ سفر اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ طیارے میں خرابی کے باعث مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم پائلٹ نے کمال ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول (ATC) سے رابطہ کیا اور ہنگامی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول کی جانب سے فوری کلیئرنس ملنے کے بعد طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انتہائی مہارت کے ساتھ بحفاظت اتار لیا گیا۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملے کے ارکان مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر ہنگامی معائنے کیلئے انجینئرز کی ٹیم طلب کر لی گئی ہے جو طیارے میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کی نوعیت کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے۔ طیارے سے مسافروں کو بحفاظت نکال کر ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں ایئرلائن اور ایئرپورٹ حکام کی جانب سے کھانا اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ایئرپورٹ حکام کا مزید کہنا ہے کہ فنی خرابی کے شکار طیارے کی مرمت میں وقت لگنے کی صورت میں مسافروں کو ان کی منزل مقصود ریاض پہنچانے کے لیے متبادل پرواز کا انتظام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ جلد از جلد اپنا سفر دوبارہ شروع کر سکیں۔

WhatsApp
Get Alert