افواج پاکستان نے افغان طالبان سے لیا گیا32اسکوائر کلومیٹر علاقہ باڑ لگا کر مستقل طور پر بند کر دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)افواجِ پاکستان نے قومی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان اور افغانستان کی سرحد کے قریب واقع 32 مربع کلومیٹر حساس علاقے کو مکمل طور پر باڑ لگا کر محفوظ بنا دیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ علاقہ حالیہ فوجی کارروائیوں کے دوران دہشتگرد گروہوں، خصوصاً فت*نہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے کلیئر کرایا گیا تھا۔ یہ علاقہ پہلے غیر قانونی نقل و حرکت اور دہشتگردی کے لیے استعمال ہوتا رہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اب اس علاقے میں جدید نگرانی کا نظام، چیک پوسٹس اور سیکیورٹی آلات نصب کر دیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی دراندازی یا مشکوک سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے۔
حکام کے مطابق ماضی میں یہ علاقہ افغان طالبان اور بھارت سے منسلک پراکسی گروپس کے لیے ایک محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہوتا تھا، جہاں سے سرحد پار کارروائیوں کی منصوبہ بندی کی جاتی تھی۔ تاہم حالیہ آپریشنز کے بعد اس علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کر کے مستقل نگرانی میں لے لیا گیا ہے۔
یہ اقدام پاک-افغان سرحد پر سیکیورٹی کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert