حج 2026: وزارتِ مذہبی امور نے پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا، 18 اپریل سے آپریشن کا آغاز

پاک حج موبائل ایپ اور ویب سائٹ پر معلومات دستیاب، عازمین کو شیڈول چیک کرنے کی ہدایت، حج پروازوں کا سلسلہ 21 مئی تک جاری رہے گا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارتِ مذہبی امور نے سال 2026 کے لیے حج پروازوں کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پاکستان سے عازمینِ حج کی روانگی کا آغاز 18 اپریل سے ہوگا۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حج آپریشن 18 اپریل سے شروع ہو کر 21 مئی تک جاری رہے گا۔ اس دوران ملک کے مختلف شہروں سے سینکڑوں پروازیں عازمین کو لے کر ارضِ مقدس روانہ ہوں گی۔ حکام نے عازمینِ حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی پرواز کی حتمی تاریخ، وقت اور دیگر ضروری تفصیلات حاصل کرنے کے لیے ‘پاک حج’ (Pak Hajj) موبائل ایپ کا استعمال کریں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ پروازوں کی تمام تر معلومات وزارتِ مذہبی امور کی آفیشل ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کر دی گئی ہیں۔ عازمینِ حج کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی تبدیلی یا آئندہ کے اعلانات سے باخبر رہنے کے لیے ‘پاک حج 2026’ موبائل ایپ کو باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں تاکہ انہیں سفر کے دوران کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق حج آپریشن کو شفاف اور سہل بنانے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور عازمین کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ترجیحی بنیادوں پر اپ ڈیٹ رکھا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert