کراچی: ملک کی سب سے بڑی ہول سیل میڈیسن مارکیٹ سیل، ادویات کی سپلائی معطل ہونے سے ہاہاکار مچ گئی

اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بھنگوار کی اچانک کارروائی، عید کی چھٹیوں کے بعد مارکیٹ کھلتے ہی بندش سے مریضوں کی زندگی داؤ پر لگ گئی، ڈی سی ساؤتھ کی مداخلت پر مارکیٹ ڈی سیل


کراچی(قدرت روزنامہ)شہرِ قائد میں ملک کی سب سے بڑی ہول سیل ادویات کی مارکیٹ کو اچانک سیل کیے جانے سے ملک بھر میں ادویات کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہو گیا، جس کے باعث ریٹیل میڈیکل اسٹورز پر زندگی بچانے والی ادویات کی شدید قلت کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ تاہم انتظامیہ اور دکانداروں کے درمیان مذاکرات اور حلف ناموں کے تبادلے کے بعد مارکیٹ کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عید الفطر کی چار روزہ تعطیلات کے بعد جیسے ہی میڈیسن مارکیٹ کھلی، اسسٹنٹ کمشنر ہاظم بھنگوار نے ایک اچانک کارروائی کے دوران مارکیٹ کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ اس اچانک بندش کی وجہ سے اندرونِ ملک اور شہر کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے دکانداروں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ہسپتالوں اور فارمیسیوں کو سپلائی بند ہونے سے سنگین صورتحال پیدا ہوگئی۔
میڈیسن مارکیٹ کے نائب صدر اور دکانداروں نے انتظامیہ کے اس اقدام پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مارکیٹ سیل کرنے سے پہلے کوئی پیشگی نوٹس جاری نہیں کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں کے باعث پہلے ہی اسٹاک کم تھا اور آج کا دن سپلائی بحال کرنے کے لیے انتہائی اہم تھا، مگر اس غیر متوقع کارروائی نے مریضوں کی جانوں کو خطرے میں ڈال دیا۔
معاملے کی سنگینی اور عوامی احتجاج کو دیکھتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ نے فوری مداخلت کی اور مارکیٹ کو ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ انتظامیہ نے دکانداروں سے ضروری قواعد و ضوابط اور سرکاری نرخوں کی پاسداری کے حوالے سے حلف نامے جمع کروائے، جس کے بعد مارکیٹ میں تجارتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو گئیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کی گئی تھی تاکہ مارکیٹ میں نظم و ضبط برقرار رہے حالانکہ تاجر برادری نے اسے بلاجواز قرار دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert