پاک چین دوستی خطے میں امن کی ضامن، سی پیک فیز ٹو کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کا عزم
وزیراعظم شہباز شریف کی چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے اہم ملاقات، زراعت، صنعت اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں پر بھرپور توجہ کا اعلان، اسحاق ڈار اور اعلیٰ حکام کی شرکت

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کے ساتھ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو مزید مستحکم کرنے اور سی پیک (CPEC) کے دوسرے مرحلے کو تیز ترین رفتارسے آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا ہے کہ پاک چین دوستی نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے میں ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم ہاؤس میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایک اہم ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے چینی قیادت کو “ٹو سیشنز” کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اور یومِ پاکستان کے موقع پر چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے بھیجے گئے تہنیتی پیغامات پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے زور دیا کہ سی پیک 2.0 کے تحت زراعت، جدید صنعت اور انفرااسٹرکچر کے بڑے منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کا نیا دور شروع ہو رہا ہے جس سے ملکی معیشت میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی معاشی اصلاحات کی کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ چین پاکستان کے ساتھ اعلیٰ سطح کے رابطوں اور تعاون کو مزید وسعت دے گا۔ انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹیجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ملاقات میں فریقین نے باہمی مفادات کے تحفظ اور خطے میں امن و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کو دہرایا، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاک چین ہمالیہ سے بلند دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہی ہے۔
