غزہ کا المیہ: ‘موت سے بدتر زندگی’، انجلینا جولی نے فلسطینی خاتون کے درد بھرے خط سے دنیا کو ہلا دیا
بچے قلم پکڑنا اور رنگ بھرنا بھول گئے، خواب صرف ایک گلاس پانی تک محدود، ملبے تلے دبی زندگیوں کی وہ داستان جسے سن کر پتھر دل بھی پگھل جائیں، ہالی وڈ اداکارہ کی عالمی ضمیر کو پکار

لاس اینجلس/غزہ(قدرت روزنامہ) انسانی حقوق اور پناہ گزینوں کی توانا آواز، ہالی وڈ کی شہرہ آفاق اداکارہ انجلینا جولی نے ایک بار پھر غزہ میں جاری انسانیت سوز مظالم اور بھوک و افلاس کی ہولناک تصویر دنیا کے سامنے پیش کر دی ہے۔ انجلینا جولی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر غزہ کی ایک 26 سالہ مظلوم خاتون کا خط شیئر کیا ہے، جس کے الفاظ نے عالمی ضمیر پر دستک دی ہے۔
اس لرزہ خیز خط میں فلسطینی خاتون نے لکھا: “ہم نے اس جنگ میں دریافت کیا کہ موت سے بھی بدتر کچھ ہے، اور وہ یہ کہ انسان زندہ تو رہے مگر اس میں روح نہ ہو، اور وہ اپنے سینے پر ملبے کے بوجھ جتنا دکھ اٹھائے پھر رہا ہو۔” خاتون نے بتایا کہ اس نے اپنے والد کو اسرائیلی بمباری میں کھو دیا اور اب وہ اپنے مفلوج جڑواں بھائی اور خاندان کے ہمراہ ایک بوسیدہ خیمے میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہی ہے۔
بچوں کا چھینا گیا مستقبل
خط میں غزہ کے بچوں کی حالتِ زار بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جنگ کی طوالت نے بچوں سے ان کا بچپن اور تعلیم چھین لی ہے۔ “بہت سے بچے یہ بھی بھول چکے ہیں کہ سکول کیسا ہوتا ہے یا قلم اور کاپی کسے کہتے ہیں۔ ان کے معصوم خواب اب کھلونوں کے بجائے صرف ایک لیٹر پانی یا ایک وقت کے کھانے کی پلیٹ تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔”
انجلینا جولی کا عالمی برادری کو پیغام
اداکارہ نے خط اور بچوں کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دکھ کا اظہار کیا کہ دنیا کی توجہ اب دیگر واقعات کی طرف مبذول ہو گئی ہے، جبکہ غزہ میں مشکلات کا پہاڑ اب بھی ویسا ہی کھڑا ہے۔ خط میں بجلی، ادویات، ایندھن کی قلت اور زہریلی گیسوں سے پیدا ہونے والے صحت کے خطرات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جہاں ہسپتال ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
امید کا چراغ اب بھی روشن ہے
اس تمام تر بربریت اور اندھیروں کے باوجود، خط کے آخر میں فلسطینیوں کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ خاتون نے لکھا کہ “غزہ کے لوگ اب بھی زندگی کا ذائقہ واپس لانے کی تگ و دو کر رہے ہیں اور اس امید سے جڑے ہیں کہ ایک بہتر اور خوبصورت مستقبل ضرور آئے گا۔” انجلینا جولی کی اس پوسٹ نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے اور لاکھوں صارفین غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
