کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈغاری میں سیکیورٹی فورسز پر بم دھماکہ، شدید فائرنگ کا تبادلہ، علاقے میں سرچ آپریشن شروع

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈغاری (زڑخو) میں سیکیورٹی فورسز کے پیدل اہلکاروں کو اس وقت بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جب وہ ایک نئی چوکی کی تعمیراتی سائٹ پر پہنچے تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، دھماکے کے فورا بعد علاقے میں پہلے سے موجود مسلح افراد اور فورسز کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا، جو وقفے وقفے سے جاری ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم حکام کی جانب سے ابھی تک حتمی اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔واقعے کے فورا بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تمام داخلی و خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی ہے۔ علاقے میں عام شہریوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہے اور دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شرپسند عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور علاقے کو کلیئر کرانے تک آپریشن جاری رہے گا۔
