کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں طوفانی بارش اور ژالہ باری، نشیبی علاقے زیر آب، نظامِ زندگی درہم برہم
گوادر میں گھروں میں پانی داخل، کھڑی فصلوں، باغات اور سولر پینلز کو شدید نقصان، سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں سردی کی شدت میں اضافہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری، محکمہ موسمیات کی 30 مارچ تک مزید بارشوں کی پیشنگوئی

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے فصلوں ، باغات اور سولرز کو شدید نقصان پہنچا گوادر میں طوفانی بارش سے گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں کوئٹہ میں سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے عوام کو آنے جانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ چند روز سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ تواتر کے ساتھ جاری ہے کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، قلات، نوشکی سمیت دیگر علاقوں میں شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری سے کھڑی فصلوں، باغات، املاک اور سولرز کو شدید نقصان پہنچا ا سکے علاوہ گزشتہ شب بلوچستان کے ساحلی علاقوں گوادر، جیونی، سربندن ، پیشکان، پسنی، اورماڑہ میں شدید طوفانی بارش ہوئی گوادر اور پسنی شہر متاثر ہوئے جس میں ٹی ٹی سی کالو نی، بخشی کالونی، میر لال بخش وارڈ، جنت بازار زیر آب آگئے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے گھروں میں پانی داخل ہوگیا لوگوں نے جنریٹر اور واٹر بوزر کے ذریعے پانی کی نکاسی شروع کردی شدید بارش کی وجہ سے نشینی علاقے زیر آب آگئے اور مختلف مقامات پر روڈز اور علاقے تالاب کا منظر پیش کرتے رہے یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 30 مارچ تک مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے کوئٹہ میں گزشتہ روز اور جمعرات کی دوپہر بارش کے باعث مختلف سڑکیں سرکی روڈ، فقیر محمد روڈ، کواری روڈ، امداد چوک، گوالمنڈیپ چوک، شاہ زمان روڈ، سریاب روڈ، گاہی خان چوک، جوائنٹ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں پر بارش اور نالیوں کا گندا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کوئٹہ چمن شاہراہ این 25 کئی مقامات پر ٹریفک متاثر ہے۔مختلف اضلاع میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
