امریکہ اسکول پر ہونے والے ہولناک بم حملے کی فوری، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات مکمل کرے،سربراہ انسانی حقوق

جنیوا(قدرت روزنامہ)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے امریکہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ 28 فروری کو ایران کے علاقے میناب میں واقع شجارہ طیّبہ ایلیمنٹری اسکول پر ہونے والے ہولناک بم حملے کی فوری، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات مکمل کرے۔
اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے نے شدید خوف و دہشت پیدا کی ہے اور اس کا انتہائی ہولناک ردعمل سامنے آیا ہے، لہٰذا حملہ آوروں پر لازم ہے کہ وہ اس کی مکمل تحقیقات کریں۔ وولکر ترک کا مزید کہنا تھا کہ اعلیٰ امریکی حکام کے مطابق اس حملے کی تحقیقات تاحال جاری ہیں، تاہم وہ چاہتے ہیں کہ یہ عمل جلد از جلد مکمل کر کے رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے کیونکہ اس خوفناک نقصان پر انصاف کی فراہمی ہر صورت ضروری ہے۔
دوسری جانب امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے پینٹاگون کے منصوبے سے آگاہ حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی محکمہ دفاع مشرقِ وسطیٰ میں مزید 10 ہزار تک اضافی زمینی فوجی بھیجنے پر غور کر رہا ہے تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خطے میں مزید فوجی آپشنز فراہم کیے جا سکیں۔
