مریم نواز کے پروٹوکول پر تنقید کے بعد نسیم شاہ کے اکاؤنٹ ہیک ہونے کی وضاحت، سوشل میڈیا پر طوفان، کیریئر داؤ پر لگنے کے خدشات


لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے پروٹوکول پر تنقید کے بعد ہیکنگ کا دعویٰ سامنے آیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ گزشتہ روز قذافی سٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے افتتاح کے موقع پر مریم نواز کی آمد پر نسیم شاہ کے اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ کی گئی تھی جس میں سوال اٹھایا گیا تھا کہ ’انہیں ملکہ کی طرح کیوں پروٹوکول دیا جا رہا ہے؟‘۔


یہ پوسٹ وائرل ہوتے ہی ڈیلیٹ کر دی گئی اور بعد ازاں نسیم شاہ کے اکاؤنٹ پر ایک وضاحت جاری کی گئی کہ ان کا اکاؤنٹ ہیک ہو گیا تھا جسے اب کامیابی سے بحال کرا لیا گیا ہے۔ اس ساری صورتحال پر سوشل میڈیا صارفین اور معروف شخصیات کی جانب سے دلچسپ اور سخت تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔


سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے نسیم شاہ کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘کوئی مسئلہ نہیں، آپ نے سب کچھ کہہ دیا’ جبکہ سید ذیشان عزیز نے مزاحیہ انداز میں ہیکر کو اکاؤنٹ واپس دینے کی اپیل کر دی۔
دوسری جانب کئی حلقوں کی جانب سے اس ہیکنگ کے دعوے پر سنگین نوعیت کے شکوک و شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

آغا شیخ سرور نامی صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ نسیم شاہ نے یہ ٹویٹ خود کی تھی لیکن شدید دباؤ، ٹیم سے معطلی کی دھمکیوں اور مبینہ طور پر ایک اعلیٰ شخصیت کی کال موصول ہونے کے بعد ان سے یہ ٹویٹ حذف کروائی گئی، انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ایک قومی ہیرو کا معقول تنقید کرنا بھی جرم بن چکا ہے؟

صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے اسے ایکس کی تاریخ کی ‘تیز ترین ریکوری’ قرار دیا جبکہ پرویز سندھیلا نے طنزاً اسے ایک ‘حسین اتفاق’ کہا۔

ایک اور صارف نے تکنیکی پہلو کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ٹویٹ 13 منٹ تک موجود رہی، اتنی جلدی ہیک شدہ اکاؤنٹ ریکور کر کے ٹویٹ ڈیلیٹ کرنا ممکن نہیں، اس لیے نسیم شاہ کے خلاف باقاعدہ تحقیقات ہونی چاہئیں جبکہ بعض نے سیاست دان کرکٹرز کو ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

دریں اثنا، صحافی قادر خواجہ نے ذرائع کے حوالے سے نیا دعویٰ کیا ہے کہ یہ ٹویٹ نسیم شاہ نے خود نہیں بلکہ انگلینڈ میں موجود ان کے مینجر نے کی تھی، تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکام آئی پی ایڈریس کے ذریعے بہتر تعین کر سکتے ہیں کہ ٹویٹ کہاں سے جنریٹ ہوئی۔

واضح رہے کہ نسیم شاہ اس وقت پی ایس ایل کی فرنچائز ’راولپنڈیز‘ کا حصہ ہیں جس نے انہیں 8 کروڑ 65 لاکھ روپے کے بھاری معاوضے کے عوض خریدا ہے۔

WhatsApp
Get Alert