پی ایس ایل 11 کا بے رونق آغاز، عوام پر پابندی جبکہ مریم نواز سمیت پروٹوکول والوں کو میچ دیکھنے کی اجازت، پی سی بی کا ٹکٹ ری فنڈ کا اعلان


لاہو(قدرت روزنامہ)ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے مگر اس بار قذافی اسٹیڈیم میں کرکٹ کے دیوانوں کے ہجوم کی گونج سنائی نہیں دے رہی۔

پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار شائقین کے بغیر افتتاحی میچ کھیلا گیا جس میں صرف وی آئی پیز ہی گراؤنڈ کی رونق بنے جبکہ عام شائقین ٹی وی اور آن لائن ہی اس لمحے کا حصہ بن سکے۔

جہاں ایک طرف شائقین کے بغیر میچز کی وجہ سے سٹیڈیم میں اداسی نظر آئی، وہیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی میچ دیکھنے کی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف وی آئی پیز کو میچ دیکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔

مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے لکھا کہ شائقین کو اجازت نہیں جبکہ صرف معزز مہمان مدعو ہیں، گویا ہر شخص کے لیے الگ قانون لاگو ہے۔

طارق وسیم نامی صارف کا کہنا تھا کہ گراؤنڈ میں داخلہ صرف پروٹوکول اور سرکاری گاڑی والوں کے لیے ہے اور عام شائقین کا داخلہ بند ہے۔

ایک اور صارف نے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل کا ایک بھی میچ نہیں دیکھ رہا، محسن نقوی نے پاکستانی کرکٹ برباد کر دی ہے۔ بابر نامی صارف نے نشاندہی کی کہ پی ایس ایل جسے 4 سے زائد شہروں تک پھیلنا چاہیے تھا، وہ محدود ہو کر صرف دو شہروں میں آ گئی ہے، وہ بھی شائقین کے بغیر۔
انہوں نے مزید کہا کہ شائقین کو کفایت شعاری کا بہانہ بنا کر روکا گیا جبکہ لاہور میں پروٹوکول کے قافلے، وی آئی پیز، ان کی فیملیز اور اسپانسرز کے مہمان سب آ رہے ہیں۔ عوامی دباؤ کے پیش نظر ایک صارف نے مطالبہ کیا کہ اب بھی وقت ہے کہ عوام کو اسٹیڈیم آ کر میچز دیکھنے کی اجازت دی جائے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل 11 کے لیے ٹکٹوں کی واپسی (ری فنڈ) کی پالیسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق آن لائن ٹکٹ خریدنے والے تمام شائقین کو ان کی رقوم اسی طریقے (ڈیبٹ/کریڈٹ کارڈ، جیز کیش، ایزی پیسہ) سے خودکار طور پر واپس کر دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ ری فنڈ کا یہ عمل 30 مارچ 2026 سے شروع ہو گا اور 15 ورکنگ دنوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert