وزیراعظم شہباز شریف اور کویت کے ولی عہد کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، کویت پر حملوں کی مذمت اور مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے پاکستانی کردار پر تبادلہ خیال


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم محمد شہباز شریف کو آج کویت کے ولی عہد، عزت مآب شیخ صباح الخالد الحمد الصباح کی جانب سے ٹیلیفون کال موصول ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ گرمجوش اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کویت پر ہونے والے حالیہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کا اعادہ کیا اور ان مشکل حالات میں کویت کے عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور غیر مشروط حمایت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کویتی قیادت کو مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی مخلصانہ سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
دوسری جانب کویت کے ولی عہد نے وزیراعظم شہباز شریف کی متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ثالثی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے موجودہ بحران کی گھڑی میں کویت کے ساتھ کھڑے ہونے پر وزیراعظم کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
کویتی ولی عہد نے کویتی قیادت کے نام وزیراعظم کے حالیہ اظہارِ یکجہتی کے خط پر بھی اظہار تشکر کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے وہ پاکستان کا دورہ کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں مستقل امن اور استحکام کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری اور مثبت سفارتی کردار جاری رکھے گا۔

WhatsApp
Get Alert