سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا نادرا ترمیمی بل منظور، شناختی کارڈ بلاک کرنے کے حوالے سے اتھارٹی کو وسیع اختیارات دینے کا فیصلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اہم اجلاس میں حکومت کی جانب سے پیش کردہ نادرا ترمیمی بل کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت نادرا کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی شہری کا شناختی کارڈ 60 روز کے لیے بلاک کر سکے۔
تفصیلات کے مطابق، اس بل کا حتمی مسودہ اب منظوری کے لیے سینیٹ کے آئندہ باقاعدہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران وزارت داخلہ نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ شناختی کارڈ ایک انتہائی حساس اور نیشنل سکیورٹی کی دستاویز ہے، جس کا غلط استعمال ملکی سکیورٹی اور معیشت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
وزارت داخلہ کے حکام کا مزید کہنا تھا کہ واضح قانون موجود نہ ہونے کی وجہ سے نادرا کو مختلف آپریشنل رکاوٹوں اور سنگین مشکلات کا سامنا ہے، جس کا فائدہ اٹھا کر جرائم پیشہ افراد قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے مختلف حیلے بہانے بناتے ہیں۔
حکام کے مطابق، مشکوک افراد اتھارٹی کو اپنا موقف دینے کے بجائے جان بوجھ کر قانونی عمل سے گریز کرتے ہیں، لہٰذا اس نئی ترمیم کے ذریعے نادرا کو یہ قانونی طاقت مل جائے گی کہ وہ کسی بھی مشکوک شخص کا شناختی کارڈ فوری طور پر بلاک کر کے اسے تحقیقات کے دائرے میں لا سکے۔ اس اقدام کا مقصد شناختی کارڈ کے غیر قانونی استعمال کو روکنا اور قومی ڈیٹا بیس کی شفافیت کو برقرار رکھنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert