وزیراعلیٰ بلوچستان کا برشور کو ضلع کا درجہ ملنے پر عوامی جلسے سے خطاب، ہسپتال، اسکولوں اور انتظامی اسٹرکچر کیلئے بڑے اقدامات کی منظوری

پشین/برشور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں نئے اضلاع بنانے کا اصل مقصد ان علاقوں کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنا ہے جو ماضی میں پیچھے رہ گئے تھے۔ برشور کو ضلع کا درجہ ملنے کی خوشی میں منعقدہ ایک عظیم الشان عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی اور خوشحالی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے برشور کے لیے متعدد بڑے منصوبوں کا اعلان کیا، جن میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو ڈی ایچ کیو (DHQ) کا درجہ دینا، پولیس تھانوں کی توسیع، بنیادی مراکز صحت کو ٹیلی ہیلتھ کے جدید نظام سے منسلک کرنا اور 254 اسکولوں کو مکمل طور پر فعال کرنا شامل ہے۔ انہوں نے برشور کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن مقامی ایم پی اے اسفندیار خان کاکڑ کے حوالے کیا اور نئے ضلع میں ایک قابل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کی تصدیق کی تاکہ انتظامی ڈھانچے کو مضبوط کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں مقامی عوام کو دیرینہ خواہش کی تکمیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج مرحوم سرور خان کاکڑ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ہے۔ انہوں نے گزشتہ شب یارو میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی اور ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ مظلوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی ظالم کی پشت پناہی نہیں کریں گے۔

سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وہ تنقید تو سنتے ہیں لیکن کسی قسم کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے افغان مہاجرین کے حوالے سے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ ہم نے 40 سال تک ان کی خدمت کی لیکن بدلے میں ملنے والا صلہ افسوسناک ہے، افغان بھائی یہاں امن و امان کی خرابی اور تخریب کاری سے مکمل گریز کریں۔

اپنے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ انہوں نے ملک کی عسکری قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط سپہ سالار ملا ہے جو ملکی سرزمین کی حفاظت کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں کسی کا خوف نہیں اور وہ بلوچستان کے ہر کونے میں عوام کی خدمت کے لیے جاتے رہیں گے۔

انہوں نے توبہ کاکڑی اور کاریزات کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہاں بھی ترقی اور خوشحالی کے سفر کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔ جلسے سے صوبائی وزراء اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔
