ایران کے ساتھ جاری جنگ، مسلسل دبائو کے باعث اسرائیلی فوج اندر سے کمزور ہو سکتی ہے،اسرائیلی چیف آف اسٹاف

تل ابیب(قدرت روزنامہ)اسرائیل کے چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے خبردار کیا ہے کہ افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی کمی اور مسلسل فوجی دباؤ کے باعث اسرائیلی فوج اندر سے کمزور ہو سکتی ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایال ضمیر نے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کے دوران تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوجی تیاری برقرار رکھنے کے لیے نئی بھرتی اور ریزرو سروس سے متعلق قوانین کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو فوج کے لیے معمول کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ مختلف محاذوں پر جاری آپریشنز کو برقرار رکھنا مشکل ہو سکتا ہے۔
یہ انتباہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل کو بیک وقت کئی محاذوں پر دباؤ کا سامنا ہے، جبکہ طویل عرصے سے جاری تنازعات نے اس کی افرادی قوت اور ریزرو نظام پر نمایاں بوجھ ڈال دیا ہے۔
