عمان میں برکاء کے قریب سیلابی صورتحال کے دوران ایک پاکستانی نوجوان کی بہادری نے سب کی توجہ حاصل کر لی

مسقط:عمان میں برکاء کے قریب سیلابی صورتحال کے دوران ایک پاکستانی نوجوان کی بہادری نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔
خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ شہزاد خان نے طغیانی میں پھنسی ایک گاڑی سے 2 بھارتی شہریوں کی جان بچا کر خود کو ہیرو ثابت کر دیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں میں پانی خطرناک حد تک بڑھ گیا تھا، جس کے نتیجے میں مختلف حادثات میں کم از کم 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق تیز بہاؤ کے باعث کوئی بھی شخص آگے بڑھنے کی ہمت نہیں کر رہا تھا، تاہم شہزاد خان نے جان کی پرواہ کیے بغیر آدھی ڈوبی گاڑی تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے پتھروں کی مدد سے گاڑی کے شیشے توڑے اور دونوں افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جبکہ مقامی افراد نے نوجوان کی جرات اور بروقت فیصلے کو بے حد سراہا ہے۔
