پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی غیور افغان پشتون ملت کی امنگوں اور حقوق کی ترجمان ہے: خوشحال خان کاکڑ

قلعہ سیف اللہ کے علاقوں وچہ بھادروالہ اور جنگل اختر زئی میں 90 سے زائد قبائلی عمائدین، کارکنوں اور علمائے کرام کی پارٹی میں شمولیت پشتون قوم کی محرومیوں کے خاتمے، سماجی انصاف اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں: چیئرمین پی کے نیپ کا اجتماعات سے خطاب


قلعہ سیف اللہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیرمین و رکن قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے قلعہ سیف اللہ کے دورے کے دوران علاقہ وچہ بھادروالہ اللہ داد زی اور جنگل اختر زی میں پارٹی میں شمولیت کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا نیپ کے اکابرین، اسلاف اور شہداء کی بے مثال قربانیوں اور مسلسل جدوجہد نے پارٹی کو غیور افغان پشتون ملت کی امنگوں، قومی حقوق اور ملی ارمانوں کی ترجمان کے طور پر مستحکم مقام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہمیشہ اپنے لوگوں کے حقوق، وقار اور ترقی کے لیے سرگرم عمل رہے گی اور اس راہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
چیرمین خوشحال خان کاکڑ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پشتون قوم آج بھی متعدد محرومیوں، معاشرتی و اقتصادی پسماندگی، تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات کی کمی اور محدود روزگار کے مواقع سے دوچار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ محرومیاں عشروں پرانی ناانصافی، تاریخی غلطیوں اور پسماندہ سیاسی ترجیحات کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے پشتون عوام کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ہمیشہ اپنے عوام کے دیرینہ حقوق، قومی یکجہتی اور سماجی انصاف کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی اور کسی بھی سطح پر مظلوم پشتون عوام کو انصاف دلانے کے لیے کوشاں رہے گی۔
اس موقع پر وچہ بھادروالہ اللہ داد زی 39 اور جنگل اختر زی میں حنیف اللہ ذاکر کی سربراہی میں 53 سیاسی و سماجی کارکنوں، قبائلی عمائدین اور علماء کرام نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، جس سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی مقبولیت اور استحکام میں اضافہ ہوا۔
اجتماع سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اللہ نور خان، صوبائی مالیات سیکریٹری اور میونسپل کمیٹی قلعہ سیف اللہ کے چیرمین سید اکبر کاکڑ، ظریف انگار، صوبائی کمیٹی کے اراکین یاسر کلیوال اور کلیم سیف افغانی، حافظ محمد آصف اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے نئے شامل ہونے والوں کا پر جوش خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور پشتون قوم کی ملی نجات، ترقی اور خوشحالی کے لیے جاری تحریک کو نئی قوت ملے گی۔
چیرمین خوشحال خان کاکڑ نے کہا کہ “ہماری جدوجہد سیاسی ،قومی حقوق کے حصول ،معاشرتی، تعلیمی اور اقتصادی حقوق کے لیے ہے۔ پشتون عوام کی ترقی، خوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہر قربانی ہمارے لیے مستقبل کی آزاد، باوقار اور خوشحال پشتون نسل کے لیے ہے۔ ہم کسی بھی حالت میں اپنے لوگوں کے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے اور ہر ممکن کوشش کریں گے کہ پشتون قوم کی محرومیوں کا خاتمہ ہو اور وہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔”
اس اجتماع نے نہ صرف پارٹی کی مضبوطی کا پیغام دیا بلکہ یہ بھی واضح کیا کہ پشتون عوام اپنی تاریخی محرومیوں، معاشرتی و اقتصادی مشکلات کے خلاف متحد ہو کر اجتماعی ترقی کی سمت گامزن ہیں اور اپنی نسلوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ رہے یئں۔

WhatsApp
Get Alert