بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں سے جانی و مالی نقصان، جعفر آباد، کوہلو اور کیچ میں ہلاکتیں، پسنی میں سب سے زیادہ 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گزشتہ روز ہونے والی طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں خواتین و بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، بارشوں کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں جعفر آباد میں ایک بچہ ندی میں گرنے سے جاں بحق ہوا، جبکہ ضلع کوہلو میں مکان کی چھت گرنے کے واقعے میں ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ اسی طرح ضلع کیچ میں سیلابی ریلے کی زد میں آکر دو افراد پانی میں بہہ گئے جس سے ان کی موت واقع ہو گئی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، حالیہ بارشوں کے سلسلے نے کیچ، ہرنائی، کوہلو، جعفر آباد، قلعہ عبداللہ اور پشین میں شدید جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق، صوبے میں سب سے زیادہ بارش پسنی میں 36 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ بارکھان میں 25 ملی میٹر، کوئٹہ کے علاقے سریاب میں 14 ملی میٹر اور کوئٹہ شہر میں 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ندی نالوں اور خستہ حال مکانات سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

WhatsApp
Get Alert