سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ دورہ پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار سے اہم ملاقاتیں، ایران تنازع پر مشاورت ہوگی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کے دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی خصوصی دعوت پر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود، ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اتوار سے اسلام آباد کا دو روزہ اہم دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق، اس دورے کا بنیادی مقصد خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تفصیلی مشاورت کرنا ہے، جبکہ معزز مہمان اپنے قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ وہ سعودی عرب، ترکی اور مصر جیسے برادر ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور یہ دورہ باہمی تعاون اور ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اہم ملاقات پہلے ترکی میں طے تھی، تاہم مصروفیات کے باعث انہوں نے برادر ممالک کے وزرائے خارجہ کو اسلام آباد مدعو کیا ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ایران کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے اور پاکستان پوری ایمانداری اور نیک نیتی کے ساتھ اس تنازع کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم حساس مذاکرات کے باعث فی الوقت میڈیا پر تفصیلات بتانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔ ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے بھی اس اجلاس کی پاکستان منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہم منصب کی ملک میں موجودگی کی ضرورت کے پیش نظر مقام تبدیل کیا گیا۔
واضح رہے کہ امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ کو ایک ماہ مکمل ہونے والا ہے اور اس لڑائی کو رکوانے کے لیے پاکستان اور مشرق وسطیٰ کے ممالک متحرک ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے حالیہ خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان امت مسلمہ کی بہتری کے لیے ایک پرخلوص اور فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود کئی بار ایران اور خلیجی ممالک کی قیادت سے رابطہ کر چکے ہیں تاکہ امن کی راہ ہموار کی جا سکے، جبکہ اس پورے مشن میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی کلیدی اور اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
