موٹر سائیکل اور تین پہیوں والی گاڑیوں کیلئے ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر سبسڈی کی تجویز، کیو آر کوڈ کے ذریعے سستا ایندھن ملے گا: وزارتِ خزانہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت کی جانب سے مہنگائی کے مارے عوام کے لیے ایک بڑی ریلیف اسکیم لانے کا امکان ہے، جس کے تحت موٹر سائیکل اور تین پہیوں والی گاڑیوں (رکشہ وغیرہ) کو پٹرول پر خصوصی سبسڈی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق، حکومت کی جانب سے مخصوص صارفین کو ماہانہ 20 سے 30 لیٹر تک ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کی تجویز سامنے آئی ہے، جبکہ سبسڈائزڈ پٹرول کی شفاف فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے شہریوں کو ‘کیو آر کوڈ’ (QR Code) فراہم کیا جائے گا۔ اس اہم منصوبے کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے جس سے کم آمدنی والے طبقے کو براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔
وزارتِ خزانہ کے اعلامیے کے مطابق، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس میں ملکی ایندھن کے ذخائر اور قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں فیول کی سپلائی فی الحال 10 مئی تک کے لیے کافی مقدار میں موجود ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ ردوبدل اور سبسڈی کے حتمی فیصلے کے لیے اگلے ہفتے صدرِ مملکت، وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے درمیان ایک اہم ملاقات طے پائی ہے جس میں اس پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔ دوسری جانب، وفاقی حکومت نے کفایت شعاری منصوبے اور معاشی استحکام کے لیے صوبوں سے 154 ارب روپے کا مطالبہ بھی کر دیا ہے تاکہ مالیاتی خسارے کو کم کیا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert