سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی اسلام آباد میں مصروفیات، اسحاق ڈار سے اہم ملاقات


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ اپنے سرکاری دورے کے دوران وزارت خارجہ پہنچے جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر جامع مشاورت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


سعودی وزیر خارجہ اس دورے پر پاکستان نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پہنچے ہیں اور وہ اہم سفارتی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وہ چہار فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے، جس میں علاقائی کشیدگی اور مجموعی صورتحال پر تفصیلی غور کیا جائے گا، جبکہ اجلاس کی صدارت اسحاق ڈار کریں گے۔


دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی امور پر قریبی رابطہ مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے میں امن، استحکام اور مؤثر سفارت کاری کے لیے مسلسل رابطہ اور تعاون جاری رکھیں گے۔


قبل ازیں اسلام آباد آمد پر ایڈیشنل فارن سیکرٹری (مشرق وسطیٰ) سید احمد معروف نے سعودی وزیر خارجہ کا استقبال کیا تھا۔ یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات اور مشترکہ حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert