قاسم خان کی گفتگو کو جان بوجھ کر متنازع بنایا گیا، وفاقی حکومت جی ایس پی پلس کے نام پر جھوٹ بول رہی ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وفاقی حکومت جی ایس پی پلس کے نام پر جھوٹ بول رہی ہے، بشریٰ بی بی سے جیل میں ناروا سلوک جاری، معاشی اور ماحولیاتی تباہی کا ذمہ دار وفاق ہے: سہیل آفریدی


اسلام آباد (ڈیلی قدرت نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کی گفتگو کو وفاق کی جانب سے جان بوجھ کر متنازع بنایا گیا ہے۔ اسلام آباد کے خیبر پختونخوا ہاؤس میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ قاسم خان کی گفتگو کا باقاعدہ اردو ترجمہ کروایا گیا ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ محض ایک بیٹے کے اپنے باپ کے لیے خالصتاً جذباتی احساسات تھے، جن کا سیاست سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بیٹے کو اپنے باپ کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے جو فطری تشویش ہوتی ہے، یہ صرف اسی کا اظہار تھا، جسے وفاقی حکومت غلط بیانی کر کے ‘جی ایس پی پلس’ (GSP Plus) اسٹیٹس کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ میں شدید تکلیف ہے اور ان کے ساتھ جیل میں انتہائی ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کو ہدفِ تنقید بناتے ہوئے سہیل آفریدی نے الزام عائد کیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے خلاف اصل سازش خود وفاق کر رہا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت اپنی ضرورت اور اہداف سے بڑھ کر درخت لگا رہی ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ جی ایس پی پلس معاہدے کی ماحولیاتی اور دیگر شرائط کی خلاف ورزی دراصل وفاقی حکومت خود کر رہی ہے۔
ملکی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ اگر ملک میں ہماری صنعتیں کام کر رہی ہوتیں تو آج تجارتی خسارہ اس نہج پر نہ پہنچتا۔ انہوں نے قرار دیا کہ وفاقی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت آج ملک کا کسان، طالب علم اور ہر عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہے۔

WhatsApp
Get Alert