غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کا گوادر پورٹ پر رش، گوادر پورٹ اتھارٹی کا مفت اسٹوریج کا اعلان
خلیجی حالات کے باعث بین الاقوامی جہازوں کا متبادل اور محفوظ راستہ، بحری جہاز 'ایچ ایم او لیڈر' کی کامیاب برتھنگ، گوادر کو عالمی تجارتی حب بنائیں گے: چیئرمین نورالحق بلوچ

گوادر (ڈیلی قدرت نیوز) گوادر پورٹ نے علاقائی بحری اور تجارتی سرگرمیوں میں ایک شاندار اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ غیر ملکی بحری جہاز ‘ایچ ایم او لیڈر’ (M/V HMO LEADER) 368 میٹرک ٹن پر مشتمل جنرل ٹرانس شپمنٹ کارگو لے کر گوادر پہنچ گیا ہے، جس کی کامیاب برتھنگ مکمل کر لی گئی ہے۔ خلیجی خطے میں جاری کشیدگی اور روایتی سمندری راستوں پر منڈلاتے سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر بین الاقوامی شپنگ لائنز اب متبادل اور محفوظ راستوں کی تلاش میں ہیں، جس کے نتیجے میں گوادر پورٹ اپنے جدید انفراسٹرکچر اور بہترین جغرافیائی محلِ وقوع کی بدولت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔
غیر ملکی شپنگ کمپنیوں کی گوادر میں بڑھتی ہوئی اس دلچسپی کو مزید فروغ دینے اور عالمی تجارت کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے گوادر پورٹ نے ٹرانس شپمنٹ کارگو پر ‘مفت اسٹوریج’ (Free Storage) کی شاندار سہولت بھی فراہم کر دی ہے۔ ماہرین کے مطابق گوادر پورٹ اور اس سے منسلک فری زون میں بیک وقت 16 ہزار کنٹینرز (TEUs) اور 90 ہزار مربع میٹر سے زائد کا جنرل کارگو ذخیرہ کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے، جو اسے خطے کی پرکشش ترین اور محفوظ ترین بندرگاہ بناتی ہے۔
اس اہم موقع پر چیئرمین گوادر پورٹ نورالحق بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر خطے میں ایک انتہائی محفوظ، مؤثر اور معاشی لحاظ سے قابلِ اعتماد متبادل بندرگاہ کے طور پر تیزی سے ابھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیوں کا اس طرف رخ کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ گوادر عالمی تجارتی نقشے پر اپنی جگہ مستحکم کر چکا ہے۔ چیئرمین پورٹ کا مزید کہنا تھا کہ مفت اسٹوریج جیسی مراعات اور بندرگاہ کی جدید سہولیات پاکستان کی ‘بلیو اکانومی’ (Blue Economy) کے فروغ میں فیصلہ کن کردار ادا کریں گی، اور مستقبل قریب میں گوادر پورے خطے کی لاجسٹکس اور تجارت کا مرکزی حب بن جائے گا۔
